ایران میں جوبھی لیڈربننے کی کوشش کرے گا،اسے نشانہ بنایا جائے گا، ڈونلڈٹرمپ

ایران میں جوبھی لیڈربننے کی کوشش کرے گا،اسے نشانہ بنایا جائے گا، ڈونلڈٹرمپ
کیپشن: ایران میں جوبھی لیڈربننے کی کوشش کرے گا،اسے نشانہ بنایا جائے گا، ڈونلڈٹرمپ

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قیادت کو تیزی سے ختم کیا جا رہا ہے اور ایران میں جو بھی لیڈر بننے کی کوشش کرتا ہے اسے نشانہ بنایا جاتا ہے۔

راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے میں امریکا مضبوط پوزیشن میں ہے اور ایرانی میزائلوں اور لانچنگ سسٹمز کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگی محاذ پر پیش رفت توقع سے بہتر ہے اور امریکی افواج مؤثر کارروائی کر رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر امریکا ایران پر حملہ نہ کرتا تو ایران خود حملہ کر سکتا تھا۔ ان کے بقول بروقت کارروائی کے ذریعے ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے بھی روکا گیا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ایران اپنے پڑوسی ممالک اور اتحادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور جب “غیر ذمہ دار عناصر” کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوں تو صورتحال خطرناک ہو سکتی ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا نے ایران میں گزشتہ 47 برس سے جاری قتل و غارت کو روکنے کے لیے اقدام کیا۔

امریکی صدر نے سابق صدر براک اوباما کی ایران کے ساتھ ہونے والی جوہری ڈیل پر بھی تنقید کی۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف جاری جنگ کے معاملے پر امریکی عوام کی حمایت حاصل ہے۔ وائٹ ہاؤس نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اسپین امریکی فوج کے ساتھ تعاون کے لیے آمادہ ہے۔

Watch Live Public News