ویب ڈیسک:بھارت کے شمالی علاقے لداخ کے شہر لیہہ میں واقع بھارتی فوج کے کیمپ میں اچانک بھڑکنے والی شدید آگ نے کیمپ میں بھگدڑ مچا دی، جس کے باعث اہلکار اپنا ساز و سامان چھوڑ کر کیمپ خالی کرنے پر مجبور ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ ڈگری کالج کے قریب قائم فوجی کیمپ میں پیش آیا، جہاں آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔ مقامی ذرائع کے مطابق امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم کیمپ سے اٹھتا ہوا دھواں واضح طور پر تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ تاحال فوجی حکام آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ لگانے میں ناکام رہے ہیں۔
اس واقعے نے بھارتی فوج کے حفاظتی انتظامات اور داخلی سیکیورٹی پر سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر صارفین واقعے پر طنزیہ تبصرے کر رہے ہیں، جن میں فوجی تیاریوں پر تنقید کی جا رہی ہے۔