نیا فوجی آپریشن ، اسرائیل کا غزہ پر قبضے  ، فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کا اعلان 

نیا فوجی آپریشن ، اسرائیل کا غزہ پر قبضے  ، فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کا اعلان 

(ویب ڈیسک ) اسرائیل  نے فوجی آپریشن کی آڑ میں غزہ پر قبضے اور فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کا اعلان کردیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا   غزہ پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو جبری طور پر غزہ سے بے دخل کرنے کا منصوبہ سامنے آگیا۔ 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری اپنی ویڈیو میں کہا ہے کہ غزہ میں شروع ہونے والا نیا فوجی آپریشن پہلے سے زیادہ شدید ہوگا۔  اس آپریشن کا مقصد حماس کا خاتمہ کرنا ہے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ فوجی آپریشن کے دوران غزہ کی آبادی کو ان کے تحفظ کے لیے وہاں سے ہٹایا جائے گا۔اس بار ایسا نہیں ہوگا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں جائے گی اور کارروائی کرکے واپس آجائے گی بلکہ اس بار اس کے برعکس ہوگا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ غزہ میں اس نئے فوجی آپریشن کا آغاز کب سے ہوگا اور نہ ہی یہ کہ  اسرائیلی فوج غزہ کے کتنے حصے پر قبضہ کرے گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل  اسرائیلی حکومت نے غزہ میں جاری فوجی آپریشن کو مزید وسیع کرنے کی منظوری دی تھی ۔ان کے آرمی چیف نے اعلان کیا تھا کہ ہزاروں ریزرو فوجیوں کو غزہ جنگ کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ   اسرائیل نے  2 ماہ سے غزہ میں امداد کے داخلے پر پابندی عائد  کر رکھی ہے جس کی وجہ سے غزہ میں غذائی قلت شدت اختیار کرگئی ہے۔ غزہ میں فاقہ کشی سے 3 لاکھ کے قریب بچے موت کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔اس کے علاوہ بے بی فارمولا دودھ اور دیگر غذائیت نہ ملنے سے ساڑھے 3 ہزار سے زائد شیر خوار بچوں کی زندگیاں بھی خطرے میں پڑ گئی ہیں۔

Watch Live Public News