ویب ڈیسک: پنجاب میں مون سون کے دھواں دار اسپیلز کے بعد پی ڈی ایم اے نے ایک اور اسپیل کی پیشگوئی کردی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے 10 ویں اسپیل بارے الرٹ جاری کردیا ہے۔جس کے مطابق صوبہ بھر میں 6 سے 9 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ،مری ،گلیات ،اٹک ،چکوال جہلم، گوجرانولہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں بارشیں متوقع ہیں۔اس کے علاوہ نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا، اور میانوالی میں بارشوں کا امکان ہے۔ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں بھی بارشوں کا امکان ہے ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 سے 9 ستمبر کے دوران ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
دی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائے چناب، راوی اور ستلج میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر سکتے ہیں۔ کمشنر ز ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران الرٹ ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے محکمہ صحت ، آبپاشی ،تعمیر و مواصلات ،لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے التماس کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔ دریاؤں کے اطراف اکٹھے ہونے اور سیرو تفریح سے گریز کریں۔آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔