ویب ڈیسک: پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی کرکٹ مقابلوں کی بحالی کے لیے ایک بار پھر کوششیں شروع ہوگئی ہیں، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیریز کے بجائے سہ فریقی یا چار ملکی ٹورنامنٹس کرانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت کو تجویز دی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ون ڈے یا ٹی20 دوطرفہ سیریز کے بجائے ایک یا دو دیگر ٹیموں کو شامل کرکے ملٹی نیشنل ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں۔ اس فارمولے سے دونوں ملکوں کے درمیان مقابلے بھی ممکن ہوسکتے ہیں اور مالی فوائد بھی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر آئندہ باضابطہ غور 22 اور 23 ستمبر کو دبئی میں ہونے والے آئی سی سی فیوچر پروگرام سیمینار میں متوقع ہے۔ سیمینار میں 12 فل ممبرز اور 8 ایسوسی ایٹ ممبرز شرکت کریں گے، جہاں مستقبل کے کرکٹ شیڈول اور مختلف تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی کرکٹ سیریز کے لیے دونوں ممالک کی حکومتوں کی منظوری ضروری ہے۔ تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کو دوطرفہ سیریز کے مقابلے میں ملٹی نیشنل ٹورنامنٹس یا نیوٹرل مقامات پر ہونے والے مقابلوں پر نسبتاً کم اعتراض ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ مقابلوں کے لیے متحدہ عرب امارات، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو ممکنہ میزبان مقامات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔