ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں شامل متحدہ عرب امارات کے کھلاڑیوں کو اماراتی کرکٹ بورڈ نے فوری طور پر وطن واپس بلا لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل یو اے ای کے دو کھلاڑی، خزیمہ بن تنویر اور محمد وسیم، وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کو اماراتی بورڈ کی جانب سے طلبی کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں کو یو اے ای کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ’ڈی 50‘ میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق خزیمہ بن تنویر اور محمد وسیم دو میچز کھیلنے کے بعد دوبارہ کراچی کنگز کو جوائن کرنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کا اگلا میچ 9 اپریل کو کراچی میں پشاور زلمی کے خلاف کھیلا جائے گا، جس سے قبل کھلاڑیوں کی عدم دستیابی ٹیم کے لیے چیلنج بن سکتی ہے۔