ویب ڈیسک: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ ( ایم ڈی کیٹ) 2026 کی تاریخ تبدیل کر دی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق 16 اگست 2026 کو ہونے والا ایم ڈی کیٹ اب 20 ستمبر 2026 کو منعقد کیا جائے گا۔
کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کو مزید منظم، محفوظ، شفاف اور امیدواروں کے لیے آسان بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق امتحان کی تاریخ کے علاوہ دیگر تمام شرائط، ضوابط اور انتظامات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اگر مستقبل میں کسی مزید تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس سے متعلق باقاعدہ اطلاع جاری کی جائے گی۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات اور ہدایات کے لیے کونسل کی سرکاری ویب سائٹ اور مستند ذرائع سے رابطے میں رہیں۔
کونسل نے امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کے باعث ممکنہ مشکلات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور سمجھ بوجھ کو سراہا ہے۔