راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 1 دہشتگرد کو جہنم واصل کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کیا، سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد حبیب الرحمان کو جہنم واصل کردیا، دہشت گرد علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم رہا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ۔