ویب ڈیسک: حکومتِ پنجاب نے بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کے لیے فری بس سروس کا اعلان کر دیا ہے تاکہ تہوار کے دوران آمد و رفت میں آسانی ہو۔
اس فری سروس کے تحت، پی ایم اے، پی ٹی سی اور آر ٹی اے کی 330 سے زائد بسیں مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی۔ ان میں 199 پی ایم اے اور پی ٹی سی بسیں مختلف روٹس پر اپنی سروس فراہم کریں گی، جبکہ آر ٹی اے کی 131 اضافی ایچ ای ڈی بسیں بھی اس آپریشن میں شامل ہوں گی۔
فری بس سروس شہر کے 24 اہم روٹس پر دستیاب ہوگی، جن میں رانا ٹاؤن سے ریلوے اسٹیشن، آر اے بازار، بھاٹی چوک، شاد باغ، واہگہ روڈ اور دیگر اہم علاقے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، جیل روڈ، کینال، جناح بس ٹرمینل، ناصر باغ، کالما چوک اور مین مارکیٹ جیسے روٹس بھی شامل ہیں۔
پرانا کہنہ، بھاٹی چوک، منڈیالی ٹول پلازہ، کالا شاہ کاکو اور ایئرپورٹ تک بھی فری بس سروس فراہم کی جائے گی۔ جناح بس ٹرمینل سے رائیونڈ اور بی آر بی تک خصوصی بسیں چلائی جائیں گی۔
ریلوے اسٹیشن، گرین ٹاؤن اور جناح بس ٹرمینل کو مرکزی ڈپو قرار دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، بسیں روٹ وائز اور شفٹ وائز روٹیشن پر چلائی جائیں گی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بسنت کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں تاکہ روڈ پر ٹریفک کا بوجھ کم ہو اور شہر میں سفر آسان ہو سکے۔