فیفا ورلڈ کپ: برازیل کی شکست کے بعد نیمار نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

فیفا ورلڈ کپ: برازیل کی شکست کے بعد نیمار نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
کیپشن: فیفا ورلڈ کپ: برازیل کی شکست کے بعد نیمار نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک:  فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے بعد برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

نیو جرسی میں کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں ناروے نے پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ۔

ناروے کی جانب سے دونوں گول اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے کیے۔ انہوں نے پہلا گول 79ویں منٹ میں اسکور کیا، جبکہ دوسرا گول مقررہ وقت کے آخری لمحات میں کرکے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔

برازیل کی جانب سے واحد گول کپتان نیمار جونیئر نے انجری ٹائم میں پنالٹی کک پر اسکور کیا، تاہم یہ گول ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا۔

میچ کے اختتام پر شکست کے باعث ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر نیمار آبدیدہ ہوگئے اور بعد ازاں بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیمار نے میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "میں نے اپنی بھرپور کوشش کی۔ میرے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز اسی اسٹیڈیم سے ہوا تھا اور آج یہیں اس کا اختتام بھی ہو گیا۔ اب یہ سفر ختم ہو چکا ہے۔"

34 سالہ نیمار نے برازیل کی قومی ٹیم کے لیے اپنا پہلا میچ 10 اگست 2010 کو امریکا کے خلاف ایک دوستانہ مقابلے میں کھیلا تھا، جو نیو جرسی کے ایسٹ ردرفورڈ اسٹیڈیم میں منعقد ہوا تھا۔

نیمار اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام برازیل کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کے طور پر کر رہے ہیں۔ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے 80 گول اسکور کیے، جو برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے کے ریکارڈ سے تین گول زیادہ ہیں۔

Watch Live Public News