ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میکسیکو کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ہائی وولٹیج مقابلے میں انگلینڈ نے ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ جوڈ بیلنگھم نے دو گول اسکور کیے، جبکہ کپتان ہیری کین نے پنالٹی پر ایک گول کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کا آغاز انگلینڈ کے لیے شاندار رہا، جہاں جوڈ بیلنگھم نے ابتدائی چند منٹوں میں دو گول کرکے اپنی ٹیم کو مضبوط برتری دلا دی۔ تاہم پہلے ہاف کے اختتام سے قبل جولیان کوئنونیس نے کارنر کک پر گول کرکے میکسیکو کا خسارہ کم کر دیا۔
دوسرے ہاف میں انگلینڈ کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب جیرل کوانساہ کو خطرناک ٹیکل پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس کے بعد انگلش ٹیم نے بقیہ وقت 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا۔
بعدازاں انتھونی گورڈن کو باکس کے اندر فاؤل کیے جانے پر انگلینڈ کو پنالٹی ملی، جسے ہیری کین نے کامیابی سے گول میں تبدیل کرکے اپنی ٹیم کی برتری مزید مستحکم کر دی۔
کچھ دیر بعد وی اے آر کے جائزے کے بعد ریفری نے ہیری کین کی جانب سے برائن گوتییریز پر فاؤل کا فیصلہ دیتے ہوئے میکسیکو کو پنالٹی ایوارڈ کی، جسے راؤل خیمنیز نے گول میں تبدیل کرکے مقابلہ ایک بار پھر دلچسپ بنا دیا۔
اختتامی لمحات میں میکسیکو نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا، تاہم 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے والی انگلش ٹیم نے عمدہ دفاعی کھیل پیش کرتے ہوئے 3-2 کی برتری برقرار رکھی اور کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ ناروے سے ہوگا، جس نے اپنے پری کوارٹر فائنل میں برازیل کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔