ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کے انتقال سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی خبروں اور مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ویڈیوز کی ان کی اہلیہ شنیرا اکرم نے سختی سے تردید کر دی ہے۔
گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی جھوٹی پوسٹس اور اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز وائرل ہوئیں، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وسیم اکرم دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ ان افواہوں کے بعد مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
افواہوں کا فوری جواب دیتے ہوئے شنیرا اکرم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی، جس میں وسیم اکرم جم میں ورزش کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
ویڈیو میں سابق قومی کپتان مختلف ورزشیں، جن میں کیبل پل ڈاؤن، پل اپس اور باربیل فلور پریس شامل ہیں، کرتے نظر آتے ہیں، جبکہ ویڈیو کے اختتام پر وہ کیمرے کی جانب دیکھ کر مسکراتے بھی ہیں، جس سے ان کی خیریت واضح ہوتی ہے۔
شنیرا اکرم نے ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جعلی خبروں اور اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز کے جواب میں شیئر کر رہی ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا، "جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، وہ جم میں ہیں اور بالکل خیریت سے ہیں۔"
شنیرا اکرم کی جانب سے ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں نے اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام افواہیں بے بنیاد ثابت ہو گئیں۔