ویب ڈیسک :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر محمد نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان پر شکریہ ادا کیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت کی جانب نے سپاس سے لبریز جذبات کا اظہار متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سلیم الزعابی کی ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستان اور امارات کی قیادت نے زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پرلائیو سٹاک ڈویلپمنٹ اورڈیری فارمنگ کے معاونت کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے زرعی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور غذائی تحفظ کے فروغ کیلئے اشتراک کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیز ملاقات میں ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل اور دیگر صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر بھی غور کیا گیا۔
محمد نواز شریف نے اماراتی سفیر کو بتایا کہ پاکستان اورمتحدہ عرب امارات کے تعلقات بھائیوں جیسے ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں۔