ویب ڈیسک: قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) کے اہم بین الاقوامی سیفٹی آڈٹ سے قبل انتظامیہ نے متعلقہ ملازمین کی ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات منسوخ کرتے ہوئے انہیں دفاتر طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کے ماہرین پر مشتمل ٹیم کل پاکستان پہنچے گی، جو پی آئی اے کے آپریشنز اور حفاظتی نظام کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ ایئرلائن کا اہم ’’انٹرنیشنل آپریشنل اینڈ سیفٹی آڈٹ‘‘ 8 جون کو شیڈول ہے۔
آڈٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں پی آئی اے انتظامیہ نے متعلقہ شعبوں کے ملازمین کو ہنگامی بنیادوں پر ہفتہ وار تعطیلات کے باوجود دفاتر میں حاضری کی ہدایت جاری کی ہے۔ ملازمین کو صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک دفاتر میں موجود رہنے اور تمام ضروری امور مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملازمین کو آڈٹ کے لیے درکار تمام ریکارڈ، دستاویزات اور آپریشنل ڈیٹا کو مکمل طور پر اپ ڈیٹ رکھنے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں تاکہ معائنہ کے دوران کسی قسم کی کمی یا خامی سامنے نہ آئے۔
آئی اے ٹی اے کی ماہر ٹیم پی آئی اے کے مختلف شعبوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کرے گی، جس میں بالخصوص ایئرلائن کے سیفٹی مینجمنٹ سسٹم، حفاظتی معیارات اور ان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ شامل ہوگا۔
ہوابازی کے ماہرین کے مطابق یہ آڈٹ پی آئی اے کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس کے نتائج ایئرلائن کی عالمی ساکھ، حفاظتی درجہ بندی اور بین الاقوامی فضائی آپریشنز پر براہِ راست اثرانداز ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نجکاری کے مجوزہ عمل کے تناظر میں بھی یہ آڈٹ کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور اس کے نتائج سرمایہ کاروں کے اعتماد پر اثر ڈال سکتے ہیں۔