سعودی ایئرلائن کا عمرہ زائرین کو تحفہ، جراثیم کش تسبیح متعارف کرادی

سعودی ایئرلائن کا عمرہ زائرین کو تحفہ، جراثیم کش تسبیح متعارف کرادی
کیپشن: Saudi Airlines has introduced antiseptic tasbih as a gift to Umrah pilgrims

ویب ڈیسک:  ثواب اور ہاتھوں کی صفائی ساتھ ساتھ۔۔۔ سعودی ائیر لائن نے منفرد تسبیح متعارف کرا دی۔

یوں تو زائرین عمرہ سارا سال ہی حرمین شریفین جاتے ہیں لیکن رمضان المبارک میں ان کی تعداد میں غیر معمولی طور پر اضافہ ہو جاتا ہے۔ زائرین عمرہ جسمانی عبادات جیسا کہ اراکین عمرہ کی ادائیگی، نماز، روزہ کے ساتھ فارغ اوقات میں ذکر و اذکار میں مصروف رہتے ہیں جس کے لیے زائرین کی بڑی تعداد تسبیح کا استعمال کرتی ہے۔

کورونا وبا کے بعد جہاں حج وعمر سے متعلق صحت عامہ سے متعلق کئی احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں، وہیں اب زائرین کو پہلی بار سینیٹائز تسبیحات بھی فراہم کی جائیں گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودی ایئر لائن نے دنیا کی پہلی سینیٹائزنگ تسبیح متعارف کرا دی ہے، جراثیم سے محفوظ رکھنے والی اس تسبیح کو تخلیقی اداروں کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جس کا استعمال رواں سال رمضان المبارک سے کیا جا رہا ہے۔

ترجمان سعودی ایئرلائن کے مطابق موتیوں کی مالا پرمشتمل یہ پہلی تسبیح ہے جو دہرا کام سرانجام دیتی ہے، تسبیح نہ صرف روحانی عمل کو انجام دیتی ہے بلکہ ہاتھوں کی صفائی بھی کرتی ہے، اس تسبیح کی تیاری میں چائے کے درخت کا تیل بطور جراثیم کش عنصر استعمال کیا گیا ہے۔

سینیٹائزنگ تسبیح مہمان مسافروں کو روحانی سفرکے دوران عبادت کرنے کی سہولت فراہم کرے گی، یہ تسبیح سعودی ایئرلائن سے سفرکرنے والے مسافروں کو دستیاب ہو گی، سعودیہ کی جانب سے شہر مکہ مکرمہ میں بھی محفوظ تسبیح تقسیم کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چائے کے درخت کا تیل جراثیم کے وسیع اقسام کے خلاف انتہائی موثر ہے، نائب صدرسعودی ایئرلائن عصام اخونبے کے مطابق سعودی ائیرلائن کو منفرد پراڈکٹ متعارف کرانے پر فخر ہے۔