بھارتی حریف کو دھول چٹانے والے باکسر شہیر آفریدی وطن پہنچ گئے، شاندار استقبال

 بھارتی حریف کو دھول چٹانے والے باکسر شہیر آفریدی وطن پہنچ گئے، شاندار استقبال

ویب ڈیسک: بھارتی باکسر کو دھول چٹانے والے پاکستانی باکسر شہیر آفریدی وطن پہنچ گئے۔
کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر شہیر افریدی کا شاندار استقبال، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گیئں،  صوبائی وزیر سعید غنی، ڈی ائی جی غلام اظفر مہیسر اور ایس ایس پی علی رضا نے شہیر آفریدی کا استقبال کیا۔

شہیر آفریدی تھائی لینڈ سے کراچی پہنچے تو پولیس نے انہیں کندھوں پر اٹھا لیا۔

اس موقع پر ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر سعید غنی، ڈی آئی جی آر آر ایف غلام اظفر مہیسر، ایس یس پی علی رضا نے ان کا استقبال کیا۔

ساتھی پولیس ملازمین نے شہیر آفریدی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے، اس موقع پر فلک شگاف نعروں سے ایئرپورٹ گونج اٹھا۔

آر آر ایف کے جوانوں کی بڑی تعداد کراچی ایئرپورٹ پر موجود تھی، ساتھی اہلکاروں نے آر آر ایف ملازم شہیر آفریدی کو کندھوں پر اٹھا لیا۔

میڈیا سے گفتگو میں شہیر آفریدی نے کہا کہ کامیابی پر سر فخر سے بلند ہے، کشیدگی کے وقت عوام کو بھارتی باکسر کو ہرا کر تحفہ دیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں نے کرتار پور دربار صاحب کی مٹی تحفے میں دی تو سکھ کھلاڑی نے مٹھائی پیش کی۔

اس موقع پر سندھ کے وزیر سعید غنی نے کہا کہ شہیر آفریدی کی کامیابی پر بہت خوشی ہوئی ہے، ان کی کامیابی سندھ پولیس کی نہیں پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ شہیر آفریدی کا شمار بین الاقوامی بڑے باکسرز میں ہونے لگا ہے۔

Watch Live Public News