ویب ڈیسک: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور عالمی پیش رفت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران عباس عراقچی نے چین کو ایران کا قریبی دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران صرف ایک منصفانہ اور جامع معاہدے کو ہی قبول کرے گا۔
دوسری جانب چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین تنازعات کے پرامن حل اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں سفارتی کوششوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔