ویب ڈیسک: کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ان کی موسیقی وقت گزرنے کے باوجود اپنی مقبولیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ وفات کے 17 سال بعد بھی وہ عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دنیا کے سب سے مقبول آرٹسٹ بن گئے ہیں۔
حالیہ گلوبل ڈیجیٹل رینکنگ کے مطابق مائیکل جیکسن نے ٹیلر سوئفٹ، جسٹن بیبر اور دیگر موجودہ بڑے پاپ اسٹارز کو واضح فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انہوں نے مئی 2026 کی عالمی رینکنگ میں 11 ہزار 157 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ جسٹن بیبر دوسرے اور دیگر آرٹسٹس اس کے بعد کے نمبروں پر رہے۔
ان کی زندگی پر بننے والی فلم “مائیکل” کی کامیابی کے بعد ان کے 70 اور 80 کی دہائی کے کلاسک گانے دوبارہ عالمی چارٹس میں نمایاں ہو گئے، جس سے ان کی اسٹریمنگ میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
مائیکل جیکسن اس وقت شازم، یوٹیوب، ایپل میوزک، آئی ٹیونز اور دیگر بڑے پلیٹ فارمز پر بھی سرفہرست ہیں، جبکہ اسپاٹیفائی پر بھی وہ اعلیٰ ترین نمبروں میں شامل ہیں۔ ٹیلر سوئفٹ اس فہرست میں پانچویں نمبر پر رہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ رجحان اس بات کا ثبوت ہے کہ مائیکل جیکسن محض ایک گلوکار نہیں بلکہ ایک عالمی ثقافتی آئیکون تھے، جن کی موسیقی آج بھی نئی نسل کو متاثر کر رہی ہے۔