(ویب ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کی اڈیالہ جیل میں کی۔
بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی بھی عدالت پیشی کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں۔
وکلا صفائی نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے 35 گواہوں پر جرح مکمل کرلی، آج کی سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے ریفرنس کے آخری گواہ پر جرح مکمل کی۔
ریفرنس کے آخری گواہ تفتیشی افسر عمر ندیم پر وکلا صفائی نے جرح میں 3 ماہ لگائے۔ 37 سماعتوں کے بعد آخری گواہ پر باالآخر جرح مکمل کرلی گئی۔
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید کوئی شواہد پیش نہیں کرنا چاہتے۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے 342 کے بیان کیلئے 8 نومبر کی تاریخ مقرر کرتے سماعت ملتوی کردی۔ 8 نومبر کو دونوں ملزمان کو 342 کے بیان کے سوالنامے دیے جائیں گے۔