ویب ڈیسک: نوبل انعام 2025 کی تقسیم کا پیر سے باضابطہ آغاز ہو گیا۔ ابتدائی انعامات طب کے شعبے کے لیے دیے جانے کا اعلان کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انعامات کے اعلانات کا سلسلہ 6 اکتوبر سے شروع ہوکر 13 اکتوبر تک جاری رہے گا، اس سال نوبل انعام برائے طب معروف سائنسدانوں فریڈ ریمزڈیل ،میری برنکو اور شیمون ساکاگوچی کو دیا گیا ہے، یہ انعام مدافعتی نظام پر ان کی تحقیق اور اہم دریافتوں کے اعتراف میں دیا گیا۔
نوبل اسمبلی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا۔ ان کی دریافتوں نے تحقیق کے ایک نئے شعبے کی بنیاد رکھی ہے اور کینسر اور خود کار امراض جیسے بیماریوں کے لیے نئی علاج معالجہ کی راہیں کھولی ہیں۔

اس کے بعد منگل 7 اکتوبر کو فزکس کے شعبے میں انعام کا اعلان رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز اسٹاک ہوم میں کیا جائے گا، بدھ کو کیمسٹری کے شعبے کا انعام بھی اسی ادارے کی جانب سے دیا جائے گا۔
جمعرات کو ادب کا نوبل انعام سویڈش اکیڈمی اسٹاک ہوم کی طرف سے دیا جائے گا جو ادب کے شائقین کے لیے ایک خاص موقع ہوتا ہے۔ سب سے زیادہ انتظار کیے جانے والا امن کا نوبل انعام جمعہ کو نارویجن نوبل کمیٹی کے چیئرمین کی جانب سے نارویجن نوبل انسٹیٹیوٹ اوسلو (ناروے) میں پیش کیا جائے گا۔
آخر میں پیر 13 اکتوبر کو معاشیات کے شعبے میں نوبل انعام کا اعلان بھی رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز، اسٹاک ہوم کی جانب سے کیا جائے گا۔
ان تمام اعلانات کے بعد نوبل انعامات کی رسمی تقریب 10 دسمبر کو منعقد ہوگی جو سویڈن کے مشہور سائنسدان اور موجد الفریڈ نوبل کی وفات کی سالگرہ ہے۔