ویب ڈیسک: ملک بھر میں نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر شہر شہر، گلی کوچے، بازار اور عمارتیں چراغاں سے روشن ہیں، سبز جھنڈیوں، محرابوں اور آرائشی دروازوں سے سجاوٹ کی گئی ہے۔ مساجد میں نعتیہ محافل اور درود و سلام کی مجالس جاری ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں نیاز بھی تقسیم کی جا رہی ہے۔
حکومت کی جانب سے 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 12 ربیع الاول انسانیت کے لیے عدل، رحمت اور وحدت کا دن ہے۔ نبی کریم ﷺ کی ولادت نے دنیا کو ایک نیا نظامِ حیات عطا کیا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال نبی اکرم ﷺ کی ولادت کے 1500 سال مکمل ہونے پر "سالِ رحمت للعالمین ﷺ" کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قراردادوں کے تحت ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ سیرت النبی ﷺ زندگی کے ہر شعبے میں مکمل رہنمائی فراہم کرتی ہے، چاہے وہ سیاست ہو، عدل، معیشت یا معاشرت۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نئی نسل کو سیرتِ طیبہ ﷺ سے روشناس کرانا ہوگا تاکہ وہ علم، اخلاق اور امن کی طرف راغب ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو سیرتِ طیبہ ﷺ کی عملی تعبیر بنانا ہوگا اور انتہاپسندی، نفرت اور فرقہ واریت کے بجائے بھائی چارے، اتحاد اور ایثار کو فروغ دینا ہوگا۔
اختتام پر وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے، اتحاد و یگانگت عطا فرمائے اور ہمیں نبی کریم ﷺ کی سیرت پر عمل کی توفیق دے۔