ویب ڈیسک: معاشرے میں عدم برداشت نے اپنے پنجے گاڑ لئے ہیں، معمولی سی تکرار پر دست گریباں ہونا معمول بن چکا ہے، حقیقی رشتوں میں بھی عدم برداشت کی فضا پھیل چکی ہے، جرائم کی شرح میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوچکا ہے، جرائم سے جڑا ایک اور واقعہ منظرعام پر آیا ، پولیس اہلکار نے اپنی منگیتر کو قتل کردیا۔
تفصیلات کےمطابق قمبر کے قریب پولیس اہلکار نے اپنی منگیتر سکول ٹیچر کو سرعام گولی مار دی، ملزم کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں خاتون پرائمری سکول ٹیچر جاں بحق جبکہ راہگیر زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق پرائمری سکول ٹیچر کی شناخت ہوچکی ہے، مقتولہ کو سکول سے واپس گھر جاتے ہوئے اہلکار کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، حملہ آور مقتولہ کا منگیتر تھا، خاتون کو گولیاں مار کر ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، اہلکار نے اپنی منگیتر کو گولیاں کیوں ماریں اس پر بات کرتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ شادی سے انکار پر اہلکار نے فائرنگ کی، پولیس نے خاتون سکول ٹیچر کی لاش اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا۔