’نسک‘ ایپ اب بغیر انٹرنیٹ کے بھی مکمل فعال، حجاج کے لیے بڑی سہولت

’نسک‘ ایپ اب بغیر انٹرنیٹ کے بھی مکمل فعال، حجاج کے لیے بڑی سہولت
کیپشن: ’نسک‘ ایپ اب بغیر انٹرنیٹ کے بھی مکمل فعال، حجاج کے لیے بڑی سہولت

ویب ڈیسک: سعودی وزارت حج و عمرہ نے حجاج کرام اور عمرہ زائرین کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ’نسک‘ ایپ کو بغیر انٹرنیٹ کنکشن کے مکمل طور پر قابل استعمال بنانے کا اقدام متعارف کرا دیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (SPA) کے مطابق، یہ سہولت سعودی عرب کی بڑی ٹیلی کام کمپنیوں — ایس ٹی سی (STC)، موبائلی، اور زین — کے اشتراک سے فراہم کی گئی ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد حجاج و زائرین کو دورانِ حج و عمرہ بہتر اور سہل ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ ان کے سفرِ مقدس میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔

وزارت کے ترجمان غسان النعیمی نے وضاحت کی کہ اب مقامی سعودی سم کارڈ استعمال کرنے والے افراد، خواہ ان کے پاس ڈیٹا پیکج فعال ہو یا نہ ہو، ’نسک‘ ایپ کی تمام خدمات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

’نسک‘ ایپ کے ذریعے حجاج و زائرین مختلف سہولیات حاصل کر سکتے ہیں، جن میں عمرہ و عبادات کے اجازت نامے حاصل کرنا، حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین کے ٹکٹوں کی بکنگ، راستوں کی رہنمائی کے لیے نقشے، مصنوعی ذہانت پر مبنی رہنمائی، سوالات و جوابات کی سروس، اور رپورٹ جمع کرانے جیسی خدمات شامل ہیں۔

نسک پلیٹ فارم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد المیمان نے بتایا کہ یہ جدید سہولت حج کے دوران ہجوم کی بہتر نگرانی، اہم معلومات تک فوری رسائی، گمشدہ افراد کی تلاش میں آسانی، اور اجازت ناموں کی بروقت تصدیق جیسے اہم امور میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔

یہ اقدام حج و عمرہ کے انتظامات میں ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News