ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 19 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 329 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 382 روپے 36 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 7 اگست سے ہوگا۔
دوسری جانب حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں ایک روپے 21 پیسے فی لیٹر اضافہ بھی کر دیا ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی کی شرح 73 روپے 47 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ پیٹرول پر پٹرولیم لیوی 80 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ قیمتوں کے تعین کے دوران پیٹرول 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ اس فیصلے کے بعد پیٹرول کی قیمت 333 روپے ایک پیسہ فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 383 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔