ویب ڈیسک: یوگنڈا کی قومی فٹبال ٹیم اور ملک کے معروف کلب ایس سی ولا کے کپتان ڈیوڈ اووری مبینہ طور پر ڈاکوؤں کے حملے میں جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق 27 سالہ ڈیوڈ اووری پر دارالحکومت کمپالا کے علاقے ماکنڈیے میں ان کے گھر کے قریب اس وقت حملہ کیا گیا جب مسلح ملزمان نے ان سے موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر حملہ آوروں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے اووری پر پتھروں سے حملہ کیا اور انہیں شدید زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
زخمی فٹبالر کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں ایک نجی اسپتال ریفر کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ڈیوڈ اووری یوگنڈا کی قومی ٹیم کے کپتان ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے کامیاب ترین فٹبال کلب ایس سی ولا کی بھی قیادت کر رہے تھے۔ وہ بطور رائٹ بیک اور مڈفیلڈر اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔
ایس سی ولا نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ کلب نے صرف ایک باصلاحیت کھلاڑی ہی نہیں بلکہ ایک بہترین قائد، قابلِ اعتماد ساتھی اور عزیز دوست کو بھی کھو دیا ہے۔
دوسری جانب یوگنڈا فٹبال فیڈریشن نے ڈیوڈ اووری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں میدان کے اندر اور باہر ایک مثالی قائد قرار دیا۔ فیڈریشن کے مطابق اووری نوجوان فٹبالرز کے لیے ایک متاثر کن شخصیت تھے، جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔