کرای ( پبلک نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر ( این سی او سی) نے 12 سال سے کم عمر شائقین کو بھی میچ دیکھنےکی اجازت دیدی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کی زیر صدارت (آج) 7 فروری بروز پیر کے روز اجلاس ہوا جس میں کوویڈ کیسز کی تعداد میں کمی کے پیش نظر 12 سال سے کم عمر شائقین کو بھی میچ دیکھنےکی اجازت دی گئی۔ این سی او سی کے مطابق 16 فروری سے اسٹیڈیم میں 100 فيصد شائقین کو آنےکی اجازت ہوگی تاہم ویکسین شدہ افراد ہی اسٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گے۔ اسٹیڈیم آنے والے بارہ سال سے زائد عمر افراد کے مکمل ویکسینیشن ہونا لازمی ہوگا۔ اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر اپنا درست ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔ اسٹیڈیم میں چہرے کو ماسک سےمسلسل ڈھانپے رکھنا لازم ہوگا۔ این سی او سی کی جانب سے کوویڈ 19 سے متعلق جاری کی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔