ویب ڈیسک: گوگل نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر ایک خصوصی ڈوڈل متعارف کرا دیا ہے، جو دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
یہ ڈوڈل شوخ اور دلکش رنگوں، نمایاں اشکال اور تھری ڈی طرزِ ڈیزائن پر مشتمل ہے، جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے جوش، تیزی اور سنسنی خیز انداز کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دسواں ایڈیشن آج 7 فروری سے شروع ہو رہا ہے، جسے کرکٹ کی تاریخ کے سخت ترین اور مسابقتی ٹورنامنٹس میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
اس میگا ایونٹ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کر رہے ہیں، جہاں 20 ٹیمیں آٹھ مختلف وینیوز پر ٹرافی کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
ایک ماہ تک جاری رہنے والے اس عالمی ایونٹ میں مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل 8 مارچ 2026 کو احمد آباد یا کولمبو میں منعقد ہوگا۔