ویب ڈیسک: نیپال کے مشہور اداکار سنیل تھاپا 68 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق، انہیں طبیعت کی خرابی کے باعث نیپال کے دارالحکومت کا ایک معروف اسپتال ناروِک لایا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج تھے۔ اسپتال کے چیئرمین راجندر بہادر سنگھ نے بتایا کہ سنیل تھاپا کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ علاج کے دوران ان کی حالت بگڑ گئی اور وہ انتقال کر گئے۔ راجندر سنگھ کے مطابق، اداکار کی ای سی جی رپورٹس سے یہ بات سامنے آئی کہ ان کا انتقال دل کے دورے کے سبب ہوا۔
سنیل تھاپا نیپالی سینما کے ایک عظیم نام تھے۔ انہوں نے اپنی فنی زندگی کے دوران نیپالی، ہندی، تمل اور بھوجپوری فلموں میں نمایاں کردار ادا کئے۔ رپورٹس کے مطابق، سنیل تھاپا نے تین سو سے زائد نیپالی فلموں میں کام کیا، جبکہ وہ مختلف ہندی اور تمل فلموں میں بھی نظر آئے۔
نیپالی سنیما میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی موت سے نیپال کی فلم انڈسٹری کو ایک بڑا نقصان ہوا ہے۔