اسرائیل نے مجھےقتل کرنے کی کوشش کی: ایرانی صدر کا دعویٰ

اسرائیل نے مجھےقتل کرنے کی کوشش کی: ایرانی صدر کا دعویٰ

ویب ڈیسک: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

 ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے یہ بات معروف سیاسی تجزیہ کار ٹکر کارلسن کو دیے گئے انٹرویو میں کہی۔ ٹکر کارلسن نے ایرانی صدر سے براہِ راست سوال کیاکہ آیا انہیں لگتا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی؟

مسعود پزشکیان نے واضح الفاظ میں کہا جی ہاں! اسرائیل نے یہ کوشش کی، لیکن وہ ناکام رہا۔ میرا ایمان ہے کہ زندگی اور موت کا فیصلہ صرف اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

ایرانی صدر نے کہاکہ وہ اپنی قوم اور وطن کے لیے جان دینے کو تیار ہیں، اور ان کی حکومت کا ہر فرد ملکی دفاع کے لیے اپنی جان قربان کرنے کے جذبے سے سرشار ہے۔

ٹکر کارلسن نے اس موقع پر دوسرا سوال کیاکہ صدر کو کیسے علم ہوا کہ انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ جس پر مسعود پزشکیان نے بتایا کہ جنگ کے دوران وہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کررہے تھے، اور اسرائیل نے اپنے جاسوسوں کے ذریعے اس مقام کا سراغ لگا لیا۔

 بعدازاں اسرائیلی افواج نے وہاں بمباری کی کوشش کی، لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے۔

انٹرویو میں ایرانی صدر سے یہ سوال بھی پوچھا گیا کہ کیا ایران نے کبھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی کسی منصوبہ بندی یا اس کی حمایت کی ہے؟ جس کے جواب میں مسعود پزشکیان نے دوٹوک انداز میں کہاکہ ایران نے کبھی بھی ٹرمپ پر کسی حملے کی حمایت نہیں کی، اور ایسی تمام خبریں محض اسرائیلی پروپیگنڈا ہیں۔

Watch Live Public News