ویب ڈیسک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا۔
ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ میں اسپین نے مجموعی طور پر بہتر کھیل پیش کیا۔ اسپین نے 15 حملے کیے، جبکہ پرتگال کی جانب سے 10 حملے کیے گئے، تاہم مقررہ 90 منٹ تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔
میچ میں ایک جانب اسپین کے نوجوان اسٹار لمین یامال اپنی برق رفتار کھیل سے نمایاں رہے، تو دوسری طرف تجربہ کار کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی امیدوں کا مرکز تھے۔ یامال نے متعدد بار پرتگال کے دفاع کو چیرتے ہوئے خطرناک حملے کیے اور ساتھی کھلاڑیوں کے لیے مواقع بھی بنائے، لیکن اسپین پہلے ہاف اور دوسرے ہاف میں گول نہ کر سکا۔
فیصلہ کن لمحہ انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں آیا، جب اسپین نے شاندار موو ترتیب دی اور میکائیل میرینو نے 90ویں منٹ میں گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلائی۔ اسپین نے یہ برتری برقرار رکھتے ہوئے میچ 0-1 سے اپنے نام کر لیا اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
شکست کے ساتھ ہی 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کا ممکنہ آخری ورلڈ کپ بھی اختتام کو پہنچ گیا۔ میچ ختم ہونے کے بعد رونالڈو جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور میدان میں آبدیدہ ہو گئے۔
کوارٹر فائنل میں اسپین کا مقابلہ بیلجیئم سے ہوگا۔