ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی سلسلے میں وزیر داخلہ محسن نقوی تہران کے دورے پر ہیں، جہاں وہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر کے لیے خصوصی پیغام اور خط لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ صورتحال خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گی اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں اور ایک بھائی کو درپیش مشکل کا احساس دوسرے بھائی کو بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے موجودہ بحران کے جلد خاتمے کی امید ہے۔
محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی مثبت سفارتی کاوشیں جاری رکھے گا۔