ویب ڈیسک: گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے دوران گلگت اور دیگر علاقوں میں بعض پولنگ اسٹیشنز پر کشیدگی اور بدنظمی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، تاہم سیکیورٹی اداروں نے صورتحال کو قابو میں لے لیا ہے۔
گلگت میں سر سید اسکول پولنگ اسٹیشن کے باہر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حامیوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کر لیا۔
انتخابی عمل کے دوران سکردو کے حلقہ GBA-9 (حلقہ 3) میں پولنگ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں 8 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ 33 ہزار 649 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
الیکشن حکام کے مطابق حلقے میں مجموعی طور پر 54 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 22 کو انتہائی حساس اور 4 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق حلقے میں 17 ہزار 774 مرد اور 15 ہزار 875 خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ پولنگ کے لیے 12 مردانہ، 12 خواتین اور 30 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر انتخابی عمل جاری ہے۔