ویب ڈیسک: امریکی ریسلنگ کے لیجنڈ ہلک ہوگن کی موت سے متعلق تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، جس کے بعد حکام نے ان کی وفات کی وجہ کو باضابطہ طور پر واضح کر دیا ہے۔
ہلک ہوگن، جن کا اصل نام ٹیری جین بولیا تھا، جولائی 2025 میں 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر کلیئر واٹر پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی موت ایک طبی ہنگامی صورتحال (میڈیکل ایمرجنسی) کے نتیجے میں ہوئی، اور اس میں کسی بھی قسم کے مجرمانہ عمل، سازش یا بیرونی مداخلت کے شواہد نہیں ملے۔
پولیس کے مطابق تفصیلی جانچ کے بعد کیس کو باضابطہ طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ موت کو قدرتی وجوہات کے باعث ہونے والی وفات قرار دیا گیا ہے۔
سرکاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہلک ہوگن کی موت ایک شدید قدرتی بیماری کے باعث ہوئی۔ تحقیقات کے دوران نہ تو جسمانی تشدد کے آثار ملے اور نہ ہی زہریلے مادوں یا کسی مشکوک عنصر کے شواہد سامنے آئے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2025 میں ہلک ہوگن کو اپنی رہائش گاہ پر اچانک طبی ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ایمرجنسی اہلکار موقع پر پہنچے اور انہیں فوری طور پر سی پی آر دیا گیا۔ بعد ازاں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے اور صبح 11 بج کر 17 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ واقعے کے وقت ہلک ہوگن کی اہلیہ گھر میں موجود تھیں جب ایمرجنسی سروسز وہاں پہنچی تھیں۔