شعیب ملک سے شادی کی خبروں پر اداکارہ ونیزہ ستار کا ردِعمل آگیا

شعیب ملک سے شادی کی خبروں پر اداکارہ ونیزہ ستار کا ردِعمل آگیا
کیپشن: شعیب ملک سے شادی کی خبروں پر اداکارہ ونیزہ ستار کا ردِعمل آگیا

ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ ونیزہ ستار نے سابق کرکٹرشعیب ملک کے ساتھ اپنی مبینہ شادی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سخت ردِعمل دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ونیزہ ستار نے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار انسٹاگرام پر یہ خبر دیکھی تو اسے مذاق سمجھا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ مختلف سوشل میڈیا پیجز کلکس اور ویوز حاصل کرنے کے لیے ان کا نام شعیب ملک کے ساتھ جوڑ رہے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق ابتدا میں ایک اور لڑکی کا نام شعیب ملک سے منسوب کیا گیا تھا، تاہم جب معلوم ہوا کہ وہ شادی شدہ ہے تو سوشل میڈیا پیجز نے ان کا نام اور تصاویر استعمال کرنا شروع کر دیں۔

ونیزہ ستار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جھوٹی خبروں کی وجہ سے ان کی ذاتی زندگی اور خاندان متاثر ہوا، حتیٰ کہ ان کے اہلِ خانہ کو مسلسل فون کالز موصول ہو رہی تھیں اور لوگ اس بارے میں سوالات کر رہے تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا شعیب ملک سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کبھی ان سے ملاقات یا بات چیت ہوئی ہے۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ بغیر تصدیق کسی کے بارے میں افواہیں پھیلانے سے گریز کریں کیونکہ اس سے لوگوں کی ساکھ اور خاندانی سکون متاثر ہوتا ہے۔

Watch Live Public News