ویب ڈیسک: پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کے بعد بھارت کی عسکری قیادت اور میڈیا میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ پاک فوج کے کامیاب اور ٹھوس جوابی حملوں کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے متعدد مقامات پر سفید جھنڈے لہرا کر اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت کے رات کی تاریکی میں کیے گئے بزدلانہ حملے کے جواب میں زبردست جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے اور 2 کمبیٹ ڈرون مار گرائے، جبکہ بھارتی فوج کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
پاکستان کی عسکری طاقت اور دفاعی مہارت نے بھارتی فوج میں خوف کی لہر دوڑا دی ہے، جس کا اعتراف خود بھارتی عسکری حلقے اور میڈیا میں کھلے عام ہونے لگا ہے۔
بھارتی میڈیا کے معروف اور متنازع ٹی وی میزبان ارناب گوسوامی کے پروگرام میں اس وقت ایک دلچسپ صورتحال دیکھنے میں آئی جب دورانِ شو سابق بھارتی ایئر مارشل سنجیو کپور نے کھلے الفاظ میں پاکستان کی عسکری طاقت کا اعتراف کر لیا۔
ارناب گوسوامی کی جانب سے پاکستانی جوابی کارروائی پر تبصرہ طلب کرنے پر سابق ایئر مارشل کا کہنا تھا کہ "پاکستان بالکل ہماری جانب آئے گا، ان کی فوج بہت تگڑی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر اس صورتحال کی پیشگی تیاری کی تھی کیونکہ انہیں علم تھا کہ پاکستان کے پاس ایک پیشہ ور اور مضبوط مسلح افواج ہے۔
بھارتی فوج اور میڈیا میں اعترافات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی جوابی کارروائی نے نہ صرف بھارتی عسکری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا بلکہ بھارتی دفاعی بیانیے کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔
اس صورتحال نے عالمی برادری کو بھی ایک واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا نہ صرف مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتا۔