اسلام آباد: پاکستان سے امدادی سامان کی دوسری کھیپ غزہ کے لیے روانہ کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق امداد لے جانے والی خصوصی پرواز کو وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے روانہ کیا۔امدادی سامان کی روانگی کی تقریب میں فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع اور وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پاکستان نے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، اسرائیل کی جانب سے غزہ میں محصور خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ، غیر متناسب اور اندھا دھند استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا،اس کے علاوہ انہوں نے انسانیت کے اصولوں کو برقرار رکھنے اور غزہ کے لوگوں کو انسانی امداد کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ خیال رہے کہ کھیپ میں حفظان صحت کی کٹس، ادویات اور فوڈ پیکجز شامل ہیں۔اس سے قبل پہلی کھیپ 19 اکتوبر 2023 کو بھیجی گئی تھی۔