ویب ڈیسک: پنجاب کے وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ حکومت نے طلبہ پر بڑھتے ہوئے تعلیمی بوجھ کو کم کرنے کے لیے میٹرک اور دیگر جماعتوں کے نصاب میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ نہم جماعت کے طلبہ پر نصابی بوجھ زیادہ ہے، جسے کم کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، نصاب میں تبدیلی پر ماہرین کام کر رہے ہیں‘۔
وزیرِ تعلیم کے مطابق کرکلم ماہرین اور سینئر اساتذہ کی ایک ٹیم نصاب کو کم اور بہتر انداز میں مرتب کرنے پر کام کر رہی ہے تاکہ طلبہ کے لیے پڑھائی کا بوجھ کم اور سیکھنے کا عمل آسان بنایا جا سکے۔
ابھی تک حکومت کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ نصاب میں کتنی کمی کی جائے گی یا یہ تبدیلیاں کب سے نافذ ہوں گی، فی الحال یہ عمل جائزہ اور مشاورت کے مرحلے میں ہے، جس کے بعد حتمی سفارشات پیش کی جائیں گی۔
وزارتِ تعلیم کے مطابق، اس منصوبے کا مقصد نصاب کو طلبہ دوست (student-friendly) بنایا جائے تاکہ وہ غیر ضروری دباؤ کے بغیر بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔