کراچی (پبلک نیوز) سندھ میں الیکٹریکل گاڑیاں اور موٹر سائیکل رکھنے والے افراد کے لئے اچھی خبر، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے الیکٹریکل گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے۔ وزیر ایکسائز سندھ مکیش چاؤلہ کا کہنا ہے کہ الیکٹریکل گاڑیوں کی رجسٹریشن موٹر رجسٹریشن آفس سوک سینٹر میں شروع کی گئی ہے۔ الیکٹریکل گاڑیاں اور موٹر سائیکل خریدنے والے افراد کئی ماہ سے رجسٹریشن کے لئے اضطراب کا شکار تھے۔ انھوں نے بتایا کہ سندھ اسمبلی سے قانون سازی اور کراچی یونیورسٹی کے ماہرین سے مشورے کے بعد الیکٹریکل گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس کا فارمولہ بنایا گیا ہے۔ امکان ہے کہ پہلے مرحلے میں ایک ہزار سے 1500 گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف الیکٹرک گاڑیوں کی مالکان کو سہولت ملے گی بلکہ سندھ حکومت کے ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا۔