بی آئی ایس پی کے تحت سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان

 بی آئی ایس پی کے تحت سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان

ویب ڈیسک:چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا سوات کا دورہ, حالیہ سیلابوں کے باعث متاثرہ خاندانوں کے مالی و جانی نقصانات کا جائزہ, بی آئی ایس پی کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی، کاروباری سکھ برادری کیلئے مالیاتی اداروں سے آسان شرائط پر قرضوں کی بات چیت کی، وزیر اعظم کی ہدایات موصول ہوتے ہی ریلیف کارروائیوں پر عملدرآمد ہوگا.

چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے سوات پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور بی آئی ایس پی سیلاب متاثرین کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں، بی آئی ایس پی کے تحت کم آمدنی والوں کی آمدنی اور اخراجات میں توازن قیام کیا جائے گا، بینظیر ہنر مند پروگرام سے مستحق گھرانوں کے افراد کی زندگیوں میں بہتری لائی جارہی ہے۔

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے سوات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے افراد سے ملاقات کی اور جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لیا۔


دورے کے دوران چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خواتین مستفیدین سے تفصیلی گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔

 انہوں نے بی آئی ایس پی کی موبائل رجسٹریشن وین کے آپریشنز کا بھی معائنہ کیا اور مشکل حالات میں عوام تک سہولت پہنچانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعدازاں انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں قائم میڈیکل کیمپس کا دورہ کیا اور ڈاکٹروں و طبی عملے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سوات پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اپنے گزشتہ دورے کے دوران سکھ برادری سے گردوارے میں ملاقات ہوئی تھی، جہاں کاروباری حضرات نے کہا کہ ہمیں امداد نہیں بلکہ آسان شرائط پر قرضے چاہئیں تاکہ ہم عزت کے ساتھ اپنا کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے سندھ بینک اور دیگر مالیاتی اداروں سے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ خاندان جان و مال کے نقصان پر شدید دکھ میں ہیں اور بی آئی ایس پی ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ نقصانات کا سروے جاری ہے اور جیسے ہی وزیرِاعظم پاکستان کی ہدایات موصول ہوں گی ان پر فوری عملدرآمد کیا جائے گا،پاکستان پیپلز پارٹی اور بی آئی ایس پی متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور ہر قدم پر ان کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے واضح کیا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ بی آئی ایس پی لوگوں کو بھکاری بناتا ہے۔ یہ انکم سپورٹ پروگرام ہے جو کم آمدنی والے افراد کی آمدنی اور اخراجات میں مالی معاونت کے ذریعے توازن پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدرِ پاکستان نے 21 جون کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر بی آئی ایس پی کے پلیٹ فارم سے بینظیر ہنرمند پروگرام کا افتتاح کیا، جس کے ذریعے نہ صرف مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے بلکہ مستحق خواتین اور ان کے گھرانوں کی زندگیوں کو بہتر اور بااختیار بنانا بھی ہماری اولین ترجیح ہے۔

Watch Live Public News