(ویب ڈیسک )ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے صارفین کی برسوں پرانی مشکل حل کرنے کے لیے تیار ہے، جس کے تحت اب ایک ہی موبائل فون نمبر کو بیک وقت دو مختلف آئی فونز میں باآسانی استعمال کیا جا سکے گا۔
رپورٹس کے مطابق روایتی طور پر ایک نمبر کو بیک وقت دو آئی فونز میں چلانا ممکن نہیں تھا، تاہم ایپل اپنے آنے والے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 27 (iOS 27) میں ’ آئی فون ہینڈ آف‘ (iPhone Hand-off) نامی نیا فیچر شامل کرنے جا رہا ہے۔ کمپنی کی جانب سے یہ نیا آپریٹنگ سسٹم 9 ستمبر کو شیڈول خصوصی ایونٹ میں باضابطہ طور پر لانچ کیا جائے گا۔
طریقہ کار اور سیٹنگز:

اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کو اپنے آئی فون کی ’سیٹنگز‘ میں جا کر ’سیلولر مینیو‘ کے ذریعے اسے ایکٹیویٹ کرنا ہوگا۔
پرائمری اور سیکنڈری ڈیوائس:
سیٹ اپ کے دوران ایک آئی فون کو مرکزی ڈیوائس (Primary Device) جبکہ دوسرے کو ساتھی ڈیوائس (Companion Device) منتخب کرنا ہوگا۔ صارف کی اصل ای سم (eSIM) مرکزی فون میں فعال رہے گی جبکہ دوسرے فون کو ورچوئل طور پر ایک 'کمپینن ای سم' الاٹ کر دی جائے گی۔
لازمی شرائط:
اس فیچر کے کام کرنے کے لیے دونوں ڈیوائسز میں آئی او ایس 27 کا انسٹال ہونا لازمی ہوگا، ساتھ ہی موبائل نیٹ ورک آپریٹر کی جانب سے اس فیچر کی سپورٹ بھی ضروری ہوگی۔
ابتدائی دستیابی:
ابتدائی مرحلے میں یہ سروس امریکا اور نیدرلینڈز کی 2 موبائل کمپنیوں کے صارفین کے لیے فعال کی جا رہی ہے، جس کے بعد اس کا دائرہ کار دیگر ممالک تک بڑھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایپل نے اس فیچر کا مختصر اشارہ جون 2026 میں اپنی سالانہ ڈویلپرز کانفرنس کے دوران دیا تھا، تاہم اب اس کے تفصیلی فیچرز اور لانچنگ کی تفصیلات مکمل طور پر سامنے آ گئی ہیں۔