(ویب ڈیسک ) کراچی کے لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں پرانے کپڑوں کے گودام میں لگی آگ پھیل گئی۔ملحقہ فیکٹری کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق آتشزدگی سے متاثرہ گودام کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ عمارت کو مخدوش قرار دے دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں لگنے والی آگ پر پچاس فیصد قابو پالیا گیا، آگ نے متاثر عمارت کے برابر والی فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا،دونوں عمارتوں میں فائر فائٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔دونوں عمارتوں میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا ہے۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق آگ پر مکمل قابو پانے میں کچھ گھنٹے مزید لگ سکتے ہیں،مجموعی طور پر 16 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکل اور ایک باوزر کی مدد سے فائر فائٹنگ کا عمل جاری ہے۔
آپریشن انچارج ریسکیو 1122 یسریٰ علی کا کہنا ہے کہ ایک بجے آگ لگنے کی اطلاع ملی، آگ پر قابو پانے میں چند گھنٹے مزید لگ سکتے ہیں،دھوئیں کے سبب تین افراد کی حالت خراب ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین بعد میں ہوگا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے لانڈھی میں کپڑےکی فیکٹری میں آگ لگنےکا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ نے فائربریگیڈ کی مزید گاڑیاں اور ضروری ریسکیو سامان فوری موقع پرپہنچانےکی ہدایت کی ہے۔