ویب ڈیسک: ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے والد جارج میسی 68 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جارج میسی طویل علالت کے بعد ارجنٹائن کے شہر روزاریو کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے۔ تاہم ان کی موت کی سرکاری تصدیق اور بیماری سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
جارج میسی اپنے بیٹے لیونل میسی کے کیریئر کے آغاز ہی سے ان کے ساتھ رہے۔ جب کم عمری میں لیونل میسی نے اسپین کے کلب بارسلونا میں شمولیت اختیار کی تو جارج میسی بھی ان کے ساتھ اسپین منتقل ہوگئے تھے، جبکہ خاندان کے دیگر افراد روزاریو میں مقیم رہے۔
جارج میسی نے لیونل میسی کے پیشہ ورانہ معاملات بھی سنبھالے اور ان کے نمائندوں میں شامل رہے۔ بیٹے کے شاندار فٹبال کیریئر کے دوران وہ اہم فیصلوں میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے رہے۔
لیونل میسی کے بارسلونا میں ابتدائی دور سے لے کر عالمی شہرت حاصل کرنے تک جارج میسی ان کے پیشہ ورانہ سفر کا اہم حصہ رہے۔
واضح رہے کہ والد کے انتقال پر لیونل میسی کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔