ویب ڈیسک: وزارتِ قومی صحت نے اسلام آباد میں اسموگ بڑھنے کے خدشے کے پیشِ نظر شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ وزارت کے مطابق دارالحکومت میں خشک سردی کے دوران فضائی آلودگی تیزی سے بڑھ سکتی ہے، جو صحتِ عامہ کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اسموگ کے دوران فضا میں موجود مضر صحت ذرات سانس، دل اور آنکھوں کی بیماریوں میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔ خاص طور پر بچے، بزرگ اور دائمی امراض میں مبتلا افراد اسموگ کے اثرات سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے انہیں خصوصی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارتِ صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اسموگ کی شدت میں گھر سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں، کھڑکیوں اور دروازوں کو بند رکھیں اور فضائی آلودگی والے علاقوں سے گریز کریں۔ ایڈوائزری میں لکڑی یا کوڑا جلانے اور دھواں پھیلانے والی سرگرمیوں سے اجتناب کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اسموگ کے دوران آنکھوں میں جلن کی صورت میں انہیں صاف پانی سے دھوئیں، گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا لازمی استعمال کریں، جبکہ سانس میں دشواری یا سینے میں درد کی صورت میں فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
وزارت کا کہنا ہے کہ دمہ اور سانس کے مریض اپنی ادویات ہمراہ رکھیں، اسموگ سیزن میں پانی کا زیادہ استعمال کریں اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں۔