سفاری پارک میں ریچھ  نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، واقعہ کی ویڈیو وائرل

سفاری پارک میں ریچھ  نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، واقعہ کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک:چین کے مشرقی صوبے ژجیانگ میں واقع ہانگژو سفاری پارک میں ایک لائیو شو کے دوران ایک خوفناک واقعہ پیش آیا، ایک کالے ریچھ  نےاچانک اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا وائرل ہورہی ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 6 دسمبر کو ہفتے کے روز اُس وقت پیش آیا جب دو ٹرینر دو کالے ریچھوں کو  پرفارمنس کے لیے اسٹیج کی طرف لارہے تھے، ایک ریچھ نے معمول کے مطابق پرفارم کیا۔ لیکن دوسرا ریچھ اسٹیج کے قریب پہنچتے ہی ٹرینر پر حملہ آور ہوگیا اور اسے زمین پر گرا دیا۔

 ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرینر زمین پر گرتے ہی خود کو بچانے کی کوشش کرتا ہے جبکہ ریچھ اسے قابو کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

واقعے کے فوراً بعد وہاں موجود دیگر عملے نے مداخلت کی۔ اسٹاف نے ریچھ کو ٹرینر سے دور کرنے کے لیے کرسیوں، ڈنڈوں اور شو میں استعمال ہونے والے پروپس کا سہارا لیا۔

ریچھ کو ایک بار پیچھے ہٹانے کے بعد اس نے دوبارہ ٹرینر پر حملے کی کوشش کی، جس پر عملے نے بھرپور طاقت استعمال کرتے ہوئے ٹرینر کو بحفاظت نکالا، واقعہ کی یہ ویڈیو تقریباً 46 سیکنڈ کی ہے۔

بعد ازاں ریچھ کو شو سے ہٹا دیا گیا، اور پارک انتظامیہ نے اعلان کیا کہ ریچھ اور ٹرینر دونوں کو کسی قسم کی شدید چوٹ نہیں آئی۔

واقعے کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد چین میں بڑے پیمانے پر آن لائن بحث شروع ہوگئی ہے۔ متعدد صارفین نے سوال اٹھایا ہے کہ’ کیا جانوروں سے پرفارمنس کروانا محفوظ ہے؟
کیا سفاری پارکس میں جانوروں کے شوز ختم کر دیے جانے چاہئیں؟کیا اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں، اس کے لیے سخت اقدامات ضروری ہیں؟
پارک انتظامیہ کا مؤقف
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرینر زندہ بچ گیا، جبکہ انتظامیہ نے اس حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ریچھ کو فی الحال پرفارمنس شو سے الگ کر دیا گیا ہے،   واقعہ ممکنہ طور پر اس وقت ہوا جب ٹرینر نے ریچھ کے لیے گاجر اور سیب کی تھیلی رکھی ہوئی تھی, ریچھ نے کھانے کی خوشبو پہچان کر اس پر حملہ کیا۔

Watch Live Public News