ویب ڈیسک: بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں ایک سرکاری ملازم نے چھٹی کی درخواست مسترد ہونے پر اپنے چار ساتھیوں کو چاقو کے وار سے زخمی کر دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ملزم امیت کمار سرکار کولکتہ کے نیو ٹان علاقے میں کریگاری بھون کے ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ملازمت کرتا ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیو میں امیت کمار کو دن کی روشنی میں ہاتھ میں خون آلود چاقو پکڑے شہر کی سڑکوں پر گھومتے دیکھا جا سکتا ہے۔ کچھ راہ گیر اپنے موبائل فون پر اس کی ویڈیو بنا رہے ہیں جبکہ ملزم انہیں خبردار کرتا ہے کہ وہ اس کے قریب نہ آئیں۔ ویڈیو میں راہ گیروں کو ملزم سے ہتھیار چھوڑنے کی درخواست کرتے سنا جا سکتا ہے۔
ایک سینیئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ شمالی 24 پرگنہ ضلع کے رہائشی امیت سرکار، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے محکمے میں کام کرتا ہے۔ صبح چھٹی لینے کی بات پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ جھگڑے کے بعد اس نے ان پر چاقو سے حملہ کیا اور پھر فرار ہونے کی کوشش کی۔زخمی ساتھیوں کو علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق جب امیت کمار سرکار کو چھٹی دینے سے انکار کیا گیا تو وہ بھڑک اٹھے۔ تاہم، تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ انہیں چھٹی کیوں نہیں دی گئی۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پولیس پوچھ گچھ کے دوران امیت کمار نے الزام لگایا کہ تلخ کلامی کے دوران ان کے ساتھیوں نے ان کے والد کے بارے میں نازیبا تبصرے کیے تھے جس سے وہ مشتعل ہو گئے۔حکام نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم کو دماغی صحت کے مسائل لاحق ہیں۔