ویب ڈیسک: بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کیلئے ایک اور بری خبر آگئی۔ نئی انتظامیہ نے سابق وزیراعظم کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے یہ فیصلہ منگل کو ڈھاکا میں کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بنگلادیش کی عبوری حکومت کی جانب سے ملک میں مجرمانہ کارروائیوں کے پیش نظر کل 97 افراد کے پاسپورٹ منسوخ کیے گئے ہیں، جن میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ بھی شامل ہیں۔
ان افراد میں سے 22 پر جبری گمشدگیوں میں مبینہ ملوث ہونے کے الزامات ہیں جبکہ 75 دیگر افراد پر گزشتہ سال بنگلا دیش میں طلبہ احتجاج کے دوران قتل کے الزامات ہیں۔
یہ پیشرفت انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کی جانب سے شیخ حسینہ اور دیگر 11 افراد کے خلاف ان کی حکومت کے دوران جبری گمشدگی اور ماورائے عدالت قتل کے مقدمے میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جانے کے بعد ہوئی ہے۔
ٹریبونل نے ملزمان بشمول حسینہ واجد کو گرفتار کرکے 12 فروری تک پیش کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔
خیال رہے کہ حسینہ واجد گزشتہ سال شدید عوامی احتجاج کے بعد بنگلادیش سے فرار ہوکر بھارت چلی گئی تھیں۔