پنجاب میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، شہریوں کیلئے الرٹ جاری

پنجاب میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، شہریوں کیلئے الرٹ جاری
کیپشن: پنجاب میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، شہریوں کیلئے الرٹ جاری

ویب ڈیسک: پنجاب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق مون سون کا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، اور اگلے 24 گھنٹوں میں صوبے کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں۔

ترجمان نے شہریوں کو خبردار کیا کہ وہ آسمانی بجلی اور شدید بارش کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کچے مکانات یا خستہ حال عمارتوں میں ہرگز قیام نہ کریں، جبکہ دورانِ بارش ڈرائیونگ کے دوران رفتار کم رکھیں اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔

مزید برآں، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔

دوسری جانب، لاہور میں مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کی مقدار کے اعداد و شمار بھی سامنے آ گئے ہیں۔ ترجمان واسا کے مطابق نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 53 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ جیل روڈ 47، قرطبہ چوک 44، اور گلبرگ میں 43 ملی میٹر بارش ہوئی۔

دیگر علاقوں میں لاہور ایئرپورٹ 47، گلشن راوی 35، اقبال ٹاؤن 33، سمن آباد 28 اور جوہر ٹاؤن میں 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

Watch Live Public News