ویب ڈیسک: شارجہ سے کراچی جانے والے کے ٹو ایئرویز کے کارگو طیارے کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا، جس کے بعد طیارے کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بوئنگ 737-400 کارگو طیارے کا رابطہ گزشتہ رات پاکستانی وقت کے مطابق 9 بج کر 21 منٹ پر منقطع ہوا۔ طیارے میں عملے کے 5 ارکان سوار تھے۔
اعلامیے کے مطابق طیارے میں پائلٹ ان کمانڈ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود، لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان، انجینئر عارف صدیقی اور انجینئر محمد حامد شامل ہیں۔
کے ٹو ایئرویز کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی مدد سے لاپتہ طیارے کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ایئرلائن پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
ایئرلائن انتظامیہ نے طیارے میں موجود عملے کی سلامتی کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ اور ساتھیوں سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔