(ویب ڈیسک ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دشمن کے پراکسی نیٹ ورکس پاکستان کے امن اور معاشی استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی،دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا ۔فیلڈ مارشل نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جنگ کی بدلتی نوعیت کے مطابق واضح حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیت ناگزیر ہے، این ڈی یو مستقبل کی عسکری و سول قیادت کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کی مسلح افواج جنگ کی نئی نوعیت کے مطابق حکمت عملی ازسرِنو ترتیب دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے پراکسی نیٹ ورکس پاکستان کے امن اور معاشی استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی،دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جنگیں میڈیا کے بیانیے یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد ہے،فارغ التحصیل افسران دیانت داری، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کو اپنا شعار بنائیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی آمد پر فیلڈ مارشل کا استقبال صدر این ڈی یو نے کیا۔