اورکزئی:سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،بھارتی اسپانسرڈ19خوارج ہلاک

اورکزئی:سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،بھارتی اسپانسرڈ19خوارج ہلاک
کیپشن: اورکزئی:سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،بھارتی اسپانسرڈ19خوارج ہلاک

ویب ڈیسک: سیکیورٹی فورسز نے اورکزئی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی اسپانسرڈ 19 خوارج کو جہنم واصل کردیا ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کیجانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق  اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ جس کے نتیجہ میں  انیس بھارتی سرپرست خوارج ہلاک ہوگئے۔ 

  آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں   لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اورمیجر طیب راحت سمیت 9 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔

شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار اعظم گل،   نائیک عادل حسین، نائیک گل امیر ،لانس نائیک شیر خان، طالش فراز اور ارشاد حسین شامل ہیں۔

آئی ایس پی آرنے بتایا کہ سپاہی طفیل خان، عاقب علی اور محمد زاہد بھی شہداء میں شامل ہیں۔

  سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے بھارتی سرپرست دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو دہرایا۔

نڈر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع اورکزئی میں سکیورٹی آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 19 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے سکیورٹی آپریشن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور میجر طیب راحت سمیت پاک فوج کے جرات مند سپاہیوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے نڈر سپوتوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکومت ملک سے دہشتگردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

قوم ہمیشہ جوانوں کی قربانیوں کی مقروض رہے گی: محسن نقوی
علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اورکزئی میں 19 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی اور دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید، میجرطیب اور 9 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمی ہونے والے 2 جوانوں کی صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید، میجر طیب اور 9 جوانوں نے قیمتی جانیں نچھاور کر کے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور قوم ہمیشہ ان قربانیوں کی مقروض رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ شہداء نے اپنے لہو سے وطن سے محبت اور وفا کی تاریخ رقم کی، شہداء کے خون کا ہر قطرہ دہشتگردی کے خلاف ہمارے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے، قوم شہداء کے بہادر خاندانوں کو بھی سلام پیش کرتی ہے۔

قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: علی امین گنڈاپور
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی لیفٹیننٹ کرنل اور ایک میجر سمیت سکیورٹی فورسز کے 11 اہلکاروں کی شہادت پر اظہار عقیدت پیش کیا اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا، حملے میں زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ نے کارروائی میں 19 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے ان شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک میں امن کے لئے سکیورٹی فورسز نے شہادتوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا ہے کہ شہدا کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں دہشتگردی کے خاتمے کے لئے قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Watch Live Public News